اسلام آباد17دسمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالخلافہ کوئٹہ میں دہشت گردوں نے ایک بار پھر وار کیا۔ اس بار دہشت گردوں نے کوئٹہ کے زرغون روڈ پر موجود ایک چرچ کو نشانہ بنایا۔ذرائع کے مطابق دھماکے کے وقت چرچ میں دعائیہ تقریب جاری تھی۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکا چرچ کے قریب ہوا ہے۔ دھماکے سے جانی نقصان کا خدشہ ہے۔ دھماکے کے بعد کوئٹہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ زرغون روڈ پر چرچ پر حملہ کیا گیا ہے۔ دو خودکش حملہ آور تھے ایک کو داخلی دروازے پر مار دیا گیا اور ایک نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔اس واقعے میں 8افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔ حملے میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 44 بتائی جا رہی ہے۔ سیکورٹی فورسز نے علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا گیا ہے